2 اکتوبر 2019 - 05:43
افغانستان: طالبان کے حملے میں 11 افغان اہلکار ہلاک متعدد اغوا

افغانستان میں طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 11 افغان اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ درجن سے زائد اہلکاروں کو اغوا کرکے لے گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان میں طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 11 افغان اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ درجن سے زائد اہلکاروں کو اغوا کرکے لے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے بلخ میں موٹر سائیکل سوار طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر دھاوا بول دیا، پولیس اور طالبان کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے دوران 11 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

طالبان حملے کے بعد درجن سے زائد افغان پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے، افغان فوج نے حملے کی اطلاع کے بعد علاقے کا گھیراؤ کرلیا اور پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔

گورنر بلخ کے ترجمان نے مقابلے میں طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا گیا تاہم ہلاک ہونے والے طالبان کی تعداد اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ طالبان نے 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں عوام کو انتخابات سے دور رہنے کی دھمکی دی تھی۔



/129